کراچی(نمائندہ خصوصی) گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹس اور اوپن ٹرانسفر لیٹر کے خلاف کراچی میں حکومتی مہم کے خاطر خواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں، گزشتہ ایک سال کے دوران 3 لاکھ گاڑیوں کی نئی نمبر پلیٹس جاری کی جا چکی ہیں۔موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ضیا الدین شاہ کے مطابق کراچی میں اوپن ٹرانسفر لیٹر رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون کا نتیجہ ہے کہ کراچی سوک سینٹر میں واقع ایکسائز آفس سے روزانہ 1600 سے 1800 گاڑیاں اصل مالکان کے نام پر منتقل ہو رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران 26 ہزار سے زائد گاڑیاں ٹرانسفر ہو چکی ہیں۔ضیا شاہ کے مطابق 14 اپریل 2022 کے بعد سے اب تک کار، موٹر سائیکل، رکشہ اور دیگر گاڑیوں کو نئے فیچرز کی حامل اجرک والی لگ بھگ پونے 3 لاکھ نمبر پلیٹس جاری کی جا چکی ہیں، جدید فیچرز کی نئی نمبر پلیٹس این آر ٹی سی سے بنوا کر ایشو کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اہم مسئلہ یہ تھا کہ گزشتہ 3 دہائیوں سے رکشاوں کو نمبر پلیٹس جاری نہیں ہو رہی تھیں، 1988 کے بعد اب رکشے کو پہلی دفعہ نمبر پلیٹس ایشو کر رہے ہیں۔ضیا شاہ نے یہ بھی بتایا کہ پرانی کمرشل، نان کمرشل گاڑیوں، رکشاوں اور موٹر سائیکلز کو بھی نمبر پلیٹس جاری کی جا رہی ہیں، جو شہری اپنے نام پر گاڑیاں ٹرانسفر کرا رہے ہیں وہ ایجنٹوں سے احتیاط کریں، خود ایکسائز ڈپارٹمنٹ میں رابطہ کریں اور موٹر وہیکل رجسٹریشن آفس آ کر اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کروائیں۔