لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی زرعی پیداوار کو بہتر کر کے خوراک میں خودکفالت پاکستان کو بہت سے معاشی مسائل سے بچا سکتی ہے،کپاس کی سپورٹ پرائس اعشاریوں، فی ایکڑ لاگت ،کسان کو زیادہ سے زیادہ منافع کو ذہن میں رکھ کر طے کی جائےگی،جعلی زرعی ادویات فروخت کرنےوالوں کیخلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہفتہ کو زرعی ٹاسک فورس کی طرف سے جاری اصلاحات اور کپاس کی آئندہ فصل کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو کپاس کی متوقع مجموعی پیداوار کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اس میں اضافے کیلئے تجاویز سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو کپاس کی سپورٹ پرائس کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس میںوفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ، معاون حصوصی جہانزیب خان، وزیرا علیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے فوری اور طویل مدتی اقدامات پر ابھی سے عملدرآمد شروع کیا جائے،کپاس کی سپورٹ پرائس اعشاریوں، فی ایکڑ لاگت اور کسان کو زیادہ سے زیادہ منافع کو ذہن میں رکھ کر طے کی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی زرعی پیداوار کو بہتر کر کے کے خوراک میں خودکفالت پاکستان کو بہت سے معاشی مسائل سے بچا سکتی ہے،زرعی اجناس کی عوام تک فراہمی سمیت فوڈ چین کو بہتر بنانے کےلئے دیگر درپیش مسائل کو جامع حکمت عملی کے تحت موثر طریقے سے حل کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ حکومت کی طرف سے زرعی پیداوار کو بڑھانے کے لئے شروع کی جانے والی زرعی اصلاحات پر کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا ۔وفاقی اور صوبائی سطح پر زرعی تحقیقی اداروں کو فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ پاکستان جیسے زرعی ملک زرعی اجناس درآمد کرنا پڑ رہی ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کپاس کی فصل کو منافع بخش بنانے کیلئے ٹاسک بھی دیا۔حکومت کپاس کے کاشتکاروں کو انکی فصل کی منافع بخش قیمت کی ادائیگی یقینی بنائے گی۔اجلاس میں وزیر اعظم کو تحقیقی اداروں اور بیج کی سرٹیفکیشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے شفاف اور موثر سرٹیفکیشن کا طریقہ کار وضع کرنے اور صوبوں کو اس میں اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے جعلی پیسٹی سائیڈ/کیڑے مار ادویات فروخت کرنےوالوں سے آہنی ہاتھوں سے کےلئے کریک ڈاﺅن اور سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔