سیہون (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایک شخص اپنی وزارت کھو جانے کی وجہ سے دماغی توازن کھو بیٹھا ہے، مردم شماری پر تمام سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کے 771ویں عرس کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج میں نے یہاں چادر چڑھائی۔ پاکستان کے معاشی اور معاشرتی استحکام کیلئے دعائیں مانگی۔ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے۔ اللہ ان کی کرامات سے صوبہ اور ملک کو ترقی دے۔انہوں نے کہا کہ جہاں استحکام کی دعا کی۔ وہاں یہ بھی دعا کی کہ اللہ عمران خان کو عقل عطا کرے۔ ایک شخص اپنی وزارت کھو جانے کی وجہ سے دماغی توازن کھو بیٹھا ہے۔ اپنے جھوٹ سے عوام کو لارے لپے دے رہا ہے۔ جھوٹے وعدے کرنے والا جھوٹے خواب دکھا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ جو شخص بھی اس کے خلاف آواز اٹھاتا ہے۔ سوشل میڈیا اس کے پیچھے پڑ جاتا ہے۔ مردم شماری پر تمام ہی جماعتوں کو کچھ نہ کچھ تحفظات ہیں۔ جو حالات چھوڑ کر گئے تھے اس کے بعد اسحاق ڈار اور حکومت کوشش کر رہی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ کوئی بھی ملک جب پیسے دینا چاہتا ہے تو وہ اس ملک میں استحکام چاہتا ہے۔ یہ کہتا تھا کہ ہر کسی کو برابری کی بنیاد پر انصاف ملے، لیکن خود عدالت میں پیش نہیں ہو رہا۔ اس ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہونی چاہئیے۔ پاکستان اس وقت جس حالات سے گزر رہا ہے، سب سے پہلے پاکستان کو دیکھنا ہے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ مردم شماری پر تمام سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں۔ سینس کمشنر نے مجھ سے ملاقات میں تحفظات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال سے جواب مانگا ہے۔