لندن (نمائندہ خصوصی) برطانوی وزارت خارجہ نے اعلان کیاہے کہ آئندہ فروری 2024 سے برطانیہ آنے والے سعودی شہریوں کو باقاعدہ ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی اور انہیں سفارت خانے کا دورہ یا ذاتی انٹرویو کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔ ان کے لیے سفری طریقہ کار کو الیکٹرانک وزٹ ویزا فراہم کرکے آسان بنایا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی وزارت نے واضح کیاکہ الیکٹرانک ویزا مسافروں کو متعدد دورے کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ ویزے کی معیاد دو سال ہے۔ یہ مرحلہ 2024 کے آخر اور 2025 کے آغاز تک عالمی سطح پر بہت سے ممالک میں منتقل کر دیا جائے گا۔ نیا پروگرام موجودہ الیکٹرانک ویزا ویور سسٹم کی جگہ لے گا۔ جس کے تحت جی سی سی ممالک سے یو کے آنے والوں کو ایک ہی دورے کے لیے زیادہ فیس ادا کرنا ہو گی۔2025 کے اوائل میں نئے پروگرام میں امریکہ، یورپی یونین، کینیڈا، جاپان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مسافر شامل ہو جائیں گے۔ ان ملکوں کے افراد کو برطانیہ کا سفر کرنے سے پہلے وزٹ ویزا کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرانی ہوں گی۔