کراچی( بیورو رپورٹ)پاکستانی بنگالیز ایکشن کمیٹی کے بانی وچیئرمین سابق ٹاﺅن ناظم اورنگی ٹاﺅن پیپلزپارٹی کے رہنما شیخ محمد فیروز نے گزشتہ روزوفد کے ہمراہ بلاول ہاﺅس میں پیپلزپارٹی کے کوچیئرمین سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور پاکستانی نژاد بنگالیوں کے مسائل این اے240 میں پارٹی کے امیدوار ناصر لودھی کی کامیابی کیلئے اقدامات اور بلدیاتی الیکشن میں فتح حاصل کرنے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر پارٹی کے سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو، کراچی کے صدر صوبائی وزیر لیبر سعید غنی، نعمان شیخ و دیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد بنگالیوں کے مسائل حل کیے جائیں گے، شناختی کارڈ و پاسپورٹ کے حصول میں دشواریوں سمیت ترقیاتی کاموں میں بنگالی علاقوں کو ترجیح دی جائے گی،
اس موقع پر آصف علی زرداری نے سینیٹر نثار احمد کھوڑو اور صوبائی وزیر لیبر سعید غنی کو پاکستانی بنگالیوں کے مسائل کو فوری حل کئے جائے ، انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سمیت ملک کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی نژاد بنگالیوں کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اس موقع پر شیخ محمد فیروز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے240کے الیکشن میں پارٹی امیدوار کی کامیابی کیلئے پاکستانی نژاد بنگالیوں نے بھرپور حمایت کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں لاکھوں پاکستانی نژاد بنگالی رہائش پذیر ہیں ان کے علاقوں میں پانی و سیوریج کے مسائل، سڑکوں کی تباہ حالی سمیت سناختی کارڈ و پاسپورٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔