کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو کسی اور سے نہیں سننے میں آیا ہے کہ شاہ محمود قریشی سے خطرہ ہے، عمران خان کو شاہ محمود قریشی پر نظر رکھنی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بتائیں کہ کراچی میں اپنے چار سالہ دور میں کونسا اچھا کام کیا۔ عمران خان بطور وزیر اعظم ایک رات بھی سندھ میں نہیں سویا ، انہیں جادو ٹونے والوں نے منع کیا ہوا تھا کہ گھر کے علاوہ کہیں نہیں سونا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کو بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست دی اور آئندہ بھی انہیں شکست دیتے رہیں گے ، پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جیسی شکل ہے ویسی زبان ہے ، پی ٹی آئی کا صرف ایک ایجنڈا ہے کہ لاشوں پر سیاست کی جائے ، فیصل واپڈا نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی لاشیں تلاش کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ لاھور میں ہلاک ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن کی ہلاکت پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے پریس کانفرنس میں حقائق بتا کر عمران خان اور پی ٹی آئی کو ایکسپوز کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت جاگ رہی ہے اور گرائونڈ پر موجود ہے ، جب پی ٹی آئی والوں کے پاس کوئی کام نہیں ہوتا تو گالیاں دیتے ہیں، پی ٹی آئی اپنا کوئی ایک منصوبہ بتائے جو اس نے پورا کیا ہو ۔ انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان ناجائز طریقے سے اقتدار میں آئے ،عمران خان احسان فراموش شخص ہے جنہوں نے ان کو اقتدار کی کرسی پر بٹھایا اسی کے خلاف سازشیں شروع کر دی ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان ملک کے خلاف سازشیں کر رہا ہے اور عمران خان سے یہ سارے کام ایک ملک کروا رہا ہے ۔شرجیل انعام میمن نے کہاکہ عمران خان کی سیاست جھوٹ پر چل رہی ہے ،عوام کو اب سچ بولنا ہوگا ،عمران خان کو بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی ہے ثبوت موجود ہیں،آئی ایم ایف سے عمران خان کہتے رہے کہ پاکستان کو فنڈنگ نہ کی جائے۔ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ بلدیاتی انتخاب میں ہمارے تاریخی فتح ہوئی، ہماری کارکردگی سب نے بلدیاتی انتخابات میں دیکھ لی، بلدیاتی انتخابات میں کراچی والوں نے پی ٹی آئی کو تاریخی شکست دی،پی ٹی آئی کا مقصد صرف ملک میں انارکی پھیلانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سازشی شخص کا ہم سب نے مقابلہ کرنا ہے، عمران خان بیرونی ممالک کا آلہ کار اور سہولت کار بنا ہوا ہے، اس شخص نے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا سیل قائم کئے ہوئے ہیں، جو پچھلے 15 سال سے کام کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مکمل کوشش کریگی کہ رمضان میں قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، مہنگائی کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔