کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیراطلاعات ،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بی آر ریڈ لائن پروجیکٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کچھ منصوبوں پر آغاز ہوچکا ہے، کچھ پر جلد کام شروع ہونے والا ہے ۔ بی آر ٹی ریڈ لائن اہم پروجیکٹ ہے جوکہ پاکستان کا پہلا بایو گیس منصوبہ ہوگا۔ جس کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے حکومت سندھ پورا کوریڈور بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عوامی شکایات بڑھ رہی تھیں کہ کام سست ہو رہا ہے ، ریڈ لائن بی آر ٹی پر ہم نے کافی اجلاس کئے ہیں کہ اس کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مہنگا ئی ہے اس کی وجہ سےقیمتیں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں ۔ کنٹریکٹروں کے کچھ خدشات تھے اور ان کے خدشات کو حکومت سندھ دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم نے کام شروع کیا تھا تو اس وقت ایک لاکھ چالیس ہزار روپے ٹن سریہ تھا اور اب تین لاکھ دس ہزار روپے ٹن سریہ ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانٹریکٹرز کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے جائز مسائل حل کئے جائیں گے لیکن کام کی رفتار کو سست کرنے پر کوئی سمجھو تہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ کل سے کانٹریکٹرز نے لاٹ ون اور لاٹ ٹو پر کام کی رفتار کو تیز کیا ہے ۔ ان کے مسائل کوحل کرنے کے بعد ہم نے گزارش کی کہ پروجیکٹ پر دن اور رات دو شفٹوں میں کام کریں گے، کیونکہ کراچی کے لوگوں کو جو اس وقت پریشانی اس روٹ پر آرہی ہے اس کا ہمیں احساس ہے ۔ لوگ بہت پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ عوام کی بہتری کے لئے ہے ، جب کوئی بڑی چیز ملنے جاتی ہے تو اس کے لئے تھوڑی تکلیف برداشت کرنی پڑتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو یہاں تکلیف ہو ررہی ہے ان سے ہم معذرت کر رہے ہیں ، کیونکہ ابھی کوریڈور، انڈرپاسس ، پل ، اور ڈرینج لائینیں بننی ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت کی طرف سے کوئی دیر نہیں ہو گی ، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے موجودہ اقتصادی صورتحال میں اپنے اخراجات کم کردیئے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں کٹوتی کی ہے ، لیکن پبلک ٹرانسپورٹ کے پروجیکٹس میں کوئی کٹوتی نہیں کی ۔ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ پرجیکٹ میں جہاں پر بھی ضرورت ہو گی حکومت سندھ اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر ہم آ ج بی آر ٹی ریڈ لائن کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ کام کی رفتار کو بڑھائیں ۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،سابق صدر آصف علی زرداری کی سخت ہدایات ہیں کہ یہ پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ ہم جاگ رہے ہیں سوئے ہوئے نہیں ہیں ،لوگوں کے لئے پیپلزبس سروس،اورنج لائن اور الیکٹرک بسزچل رہی ہیں اور سندھ پورے پاکستان میں لیڈ لیکرچل رہا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جن کرایوں پر بسیں چل رہی ہیں ان کرایوں پر نئی بسوں کا چلنا مشکل ہے ،کرائے بڑھانے پڑھیں گے ،بائیو گیس پر چلنے والی بسوں کا کرایہ پچھلی بسوں سے زیادہ ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز بس، پنک بس، الیکٹرک بس کے کرایوں پر نظر ثانی کی جا رہی ہے اور کرایہ مرحلے وار بڑھایا جائے گا ۔