کراچی(بیورو رپورٹ ) جنگ گروپ کے اخبارات کی تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں، جیونیوز، جنگ، دی نیوز اور گروپ کے دیگر پبلیکیشنز کے ملازمین کی تنخواہوں میں فی الفور اضافہ کیا جائے اگر ان مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو جنگ بلڈنگ کا گھیراو کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار شرکائ نے کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے تحت کراچی پریس کلب پر جنگ گروپ میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تنخواہوں میں کئی برسوں سے اضافہ نہ کیے جانے کے خلاف مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ مظاہرے سے پی ایف یوجے دستور کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل عامر لطیف، سینئر نائب صدر کے یو جے دستور محمد منصف، جنرل سیکریٹری نعمت خان، جیو ملازمین کے ایکشن کمیٹی کے سربراہ اور کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی، کراچی پریس کلب کے سابق سیکریٹری ارمان صابر اور جنگ ایپلائز یونین کے سیکریٹری شکیل یامین کانگا نے خطاب کیا۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یوجے دستور کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ جنگ گروپ انتظامیہ ملازمین کا معاشی استحصال بند کرے لاکھوں روپے کے اشتہارات لینے کے باوجود ملازمین اپنے جائز تنخواہوں سے محروم ہیں۔ڈپٹی سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے دستور عامرلطیف نے کہا کہ جنگ گروپ اور دوسرے میڈیا اداروں کو کروڑوں کے اشتہارات ملتے ہیں مگر انتہائی شرمناک بات ہے کہ ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں کے منظر ہیں۔ انہوں نےمزید کہ گزشتہ کئی سالوں کے دوران شدید مہنگائی کی وجہ ضرورت کی اشیائ کی قیمتیں کئی گناہ بڑھ گئی ہیں جبکہ مالکان کی آمدن میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے مگر ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھائی گئی ہیں۔ کےیوجے دستور کے سینئر نائب صدر محمد منصف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں صحافیوں اور دیگر ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی مہنگائی نے ملازمین کا دووقت کا کھانا مشکل کردیا ہے جبکہ اشتہارات کی مدمیں لاکھوں روپے لیے جاتے ہیں جس کے باوجود بھی ملازمین تنخواہوں کے لیے پریشان ہیں ۔ جیو ملازمین کے ایکشن کمیٹی کے سربراہ اور کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی نے کہا کہ جیو نیوز اور گروپ کے دیگر پبلیکشنز مالکان کو کروڑوں کما کردے رہے ہیں جبکہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہورہا ہے۔ فہیم صدیقی نے کہ صحافی اپنے حقوق کے لیے متحد ہیں اور سب ملکر جیو کے دفتر کے سامنے جمع ہوں گے ۔ کےیوجے دستورکے جنرل سیکریٹری نعمت خان نےواضح پیغام دیا کہ اگر جنگ گروپ کے مالکان تنخواہوں کی فوری ادائیگی نہیں کی تو یہ صرف ٹوکن احتجاج تھا اگلا احتجاج جنگ جیونیوز کے دفتر کے باہر کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا میڈیا کے باقی اداروں کو بھی یہ واضح پیغام ہے کہ ہم صحافیوں کے حقوق کو ہر صورت حاصل کرتے رہیں گے بہتر یہی ہے کہ جہاں جہاں تنخواہیں تاخیر سے ادا کی جارہی ہیں یا ان میں خاطرخواہ اضافہ نہیں کیا گیا ہے وہاں تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں، اور ان میں اضافہ کیا جائے ۔سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب ارمان صابرنے کہا کہ میڈیا مالکان پیسے کما کرنئے نئے کاروبار شروع کررہے ہیں اور میڈیا سے کمایا گیا پیسہ صحافیوں پر خرچ نہیں کررہے ہیں جبکہ ان میڈیا مالکان کا پچھلے پانچ سال کاآڈٹ کروایا جائے تاکہ معلوم ہوسکے کہ مالکان نے پیسہ کہاں خرچ کیا ہے ۔ مظاہرے میں کے یو جے خازن راو افنان، سیکریٹری انفارمیشن منور احمد خان ، گورننگ باڈی کے اراکین اور کے یو جے اور پریس کلب کے سینئر صحافیوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔