کراچی(نمائندہ خصوصی) روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر اور سینئر صحافی طاہر نجمی کو بحریہ ٹاﺅن قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد ابوبکر بحریہ ٹاﺅن میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں مرحوم کے اہلخانہ۔عزیز واقارب۔کراچی پریس کلب ۔پی ایف یوجے ۔کے یو جے کے عہدیداروں۔کئی اخبارات کے مدیران ۔پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں۔مختلف سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں۔سماجی شخصیات سمیت عمائدین شہر اور دیگر افراد نے شرکت کی۔طاہر نجمی کی عمر 68 برس تھی۔وہ 50 برس سے زائد عرصے سے صحافت سے منسلک رہے۔ وہ مختلف نامور قومی اخبارات میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔طاہر نجمی کراچی پریس کلب اور کراچی یونین آف جرنلسٹ کے سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ مرحوم طاہر نجمی جرنلسٹس گروپ گرین پینل کے سربراہ تھے۔واضح رہے کہ وہ کچھ ہفتوں سے علیل تھےاورنجی اسپتال میں داخل رہے۔وہ کچھ روز قبل طبیعت بہتر ہونے کے بعد گھر منتقل ہوگئے تھے اور جمعہ کو علی الصبح انتقال کرگئے۔مرحوم نے پسماندگان میں۔بیوہ۔ایک بیٹا اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔