لاہور (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لئے امداد تعین شدہ وقت میں بھیجی جائے گی،23مارچ 2023ءتک ترکیہ میں سردی سے بچاﺅ کے 50ہزار خیمے بھیجے جائیں گے،وزارت خزانہ کامعاشی مسائل کے باوجود امدادی سامان کی پیداوار اور ترسیل کےلئے درکار وسائل مہیا کرنا قابل تحسین امر ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ خیمے اور امدادی اشیاءکی ترسیل پر جائزہ اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصونہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی،ترکیہ میں پاکستان کے سفیر اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل انعام حیدر ملک، وفاقی وزیر خزانہ ،وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ترکی میں پاکستان کے سفیر نے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ 23مارچ تک ترکیہ اور شام 34پروازیں امدادی سامان لے کر جائیں گی،ان پروازوں میں 50ہزار سردی سے بچاﺅ کے خیمے، 38ہزار کمبل ترکیہ اور 22ہزار کمبل اور 10ہزار راشن کے پیکٹ شام بھیجے جائیں گے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آج دو مال بردار طیارے 220 ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ کیلئے روانہ ہوں گے،اسکے علاوہ آج (ہفتہ ) ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لئے پاکستان نیوی کا دوسرا بحری جہاز سامان لے کر روانہ ہوگا۔وزیر اعظم نے ترکیہ اور شام کیلئے امدادی سامان کی معینہ مدت میں روانگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ترکیہ بھیجنے سے پہلے رینڈم چیکنگ کی جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ وزارت خزانہ نے معاشی مسائل کے باوجود امدادی سامان کی پیداوار اور ترسیل کے لیے درکار وسائل مہیا کیے جو قابل تحسین امر ہے،این ڈی ایم اے، وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزارتِ خارجہ، وزارتِ اطلاعات و نشریات، اور ترکیہ اور شام میں تعینات سفرا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں،پاکستان میں مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کیلئے دل کھول کر عطیات جمع کرا رہے ہیں۔