کراچی (نمائندہ خصوصی) سندھ کابینہ نے کچے کے علاقے میں ڈاکووں کے خلاف مشترکہ آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس کو سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کو ملٹری گریڈ کے اسلحے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کی سفارش ایپکس کمیٹی کے 5 جنوری 2023 کو ہونے والے اجلاس میں کی گئی تھی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کے لیے 2.7 بلین روپے کی ضرورت ہے۔کابینہ نے فنڈز منظور کر کے اسلحہ خریدنے کی بھی منظوری دے دی۔کابینہ کی منظوری سے سندھ حکومت اسلحے کی خریداری کے لیے وزارتِ داخلہ سے این او سی لے گی۔سندھ کابینہ نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ ڈاکووں کے خلاف کچے میں مشترکہ آپریشن ہو گا، جس میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی پولیس کے ساتھ رینجرز اور فوج بھی حصہ لیں گی۔اس حوالے سے وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک مشترکہ اور پری پلان آپریشن ہو گا جو آئی جی پولیس اپنی منصوبہ بندی سے شروع کریں گے۔کابینہ نے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ بند کرنے کی منظوری بھی دے دی۔کورونا وائرس فنڈ کے لیے چیف سیکریٹری کے تحت 6 رکنی باڈی انتظام کر رہی تھی۔18 مارچ 2020 سے 21 اپریل 2021 تک اس کے 17 اجلاس ہوئے۔اجلاس میں کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں 3699 ملین روپے کی رقم آئی، اس کے کل اخراجات 32077.23 ملین روپے رہے، جبکہ اس وقت اکانٹ میں 35 ملین روپے سے زائد رقم موجود ہے۔سندھ کابینہ نے بقایا رقم متاثرینِ سیلاب کے گھروں کی تعمیر کے لیے خرچ کرنے کی منظوری دے دی۔