لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ یہ انتخابات نہیں کرانا چاہتے ہیں ،یہ لوگوں کو قتل کرائیں گے بڑے ناموں کو قتل کرائیں گے ،دھماکے کرائیں گے، یہ مافیا عدلیہ میں پھوٹ ڈالنا اور تقسیم کرنا چاہتا ہے ، اس وقت عدلیہ کے اتحاد کی ضرورت ہے،یہ مجھے ہٹائیں گے اور میں راستے سے ہٹ گیا تو قوم سو جائے گی ، یہ سمجھتے ہیں تحریک انصاف بھی آہستہ آہستہ ختم ہو جائے گی،یہ مجھے آج پکڑتے ہیں یا کل پکڑتے ہیں آپ نے اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر نکلنا ہے ، میں ہوںیا نہ ہوں آپ نے جہاد سے ہٹنا نہیں ہے کیونکہ اگر آپ ہٹ گئے تو پاکستان کا مطلب ختم ہو جا ئے گا،ان کا پلان ہے عدلیہ کو تقسیم کر کے چیف جسٹس کے خلاف مہم چلائیں، ہم یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،کبھی آرمی چیف سے ملاقات کا نہیں کہا۔ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب اور صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ میرے سے پیمرا کی پابندی ہٹا دی گئی ، مجھے پتہ نہیں میں ملک کے لئے کیا خطرہ بن گیا ہوں کہ مجھے آف ائیر کر دیا گیا، نہ میں نے کسی ادارے کا نام لیا نہ کسی افسر کا نام لیا بلکہ میرے اوپر بغاوت کا مقدمہ بھی درج ہو گیا ۔انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر صدر کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر ہم نے انتخابی مہم کے آغاز کے لئے ریلی نکالنے کا اعلان کیا اور اس کے لئے ایک روز پہلے پولیس کے ساتھ بیٹھ کر روٹ طے کیا گیا ، صبح معلوم ہوتا ہے کہ دفعہ 144لگ گئی ہے ،کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دئیے گئے ، ہر جگہ پولیس کھڑی ہو جاتی ہے ہم نے کبھی کارکنوں کو پولیس سے تصادم کی ہدایات نہیں دیں، ہمارے پر امن طو رپر کھڑے کارکنوں پر واٹر کینن کا استعمال کیا گیا ،ان پر لاٹھی چارج کیا گیا ،اس کے بعد آنسو گیس چلنا شروع ہو جاتی ہے ۔ہم انتظار میں تھے کہ لوگ آئیں گے لیکن خبریں آنا شروع ہو گئیں کہ راستے بند ہیں اور کارکنوں پر تشدد ہو رہا ہے ، اس دوران پیمرا بھی ایکشن میں آجاتی ہے اور پی ٹی آئی کے ایونٹ کو دکھانے پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے ۔اس کے بعد مجھے جلدہی سمجھ آ گئی ہے کہ یہ کیا سازش چل رہی ہے اور یہ سازش باہر بیٹھا ہوا مجرم کر رہا ہے ، وہاں سے بیٹھ کر کہتا ہے کہ اسے لیول پلینگ فیلڈ دی جائے اور لیول پلینگ فیلڈ یہ ہے کہ عمران خان کو راستے سے ہٹایا جائے ،عمران خان انتخابی مہم نہیں چلا سکتا ،اس سے جو معاہدہ کیا گیا ےہ اس پر عمل ہو رہا ہے کہ عمران خان کو انتخابی مہم نہیں کرنے دینی اور اسے جیل میں ڈالنا ہے۔سوال یہ پوچھتا ہوں کیوں ملک اس سز ا یافتہ مجرم کے کہنے پر چل رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم نے کارکونںکو سوشل میڈیا پر کہا کہ ہم نے ریلی منسوخ کردی ہے آپ واپس چلے جائیںکیونکہ ہمیں معلوم تھا یہ یہ تصادم چاہتے ہیں اور اس کے بعد ملبہ میرے اوپر ڈالنا تھا کہ عمران خان نے کرا دیا ہے ، درجنوں گاڑیاں توڑی گئیں،پولیس ڈنڈے مار کر شیشے توڑ رہی ہے ، ہمارے کارکن لڑنے کے لئے نہیں آئے تھے بلکہ پر امن ریلی میں شرکت کے لئے آئے تھے ۔انہوںنے علی بلال سے کیا ، مجھے ساری رات اس کی ویڈیوز ملی ہیں ، وہ سپیشل چائلڈ تھا ، وہ ایک دیوانہ تھا جس بے دردی سے قتل کیا گیا ، اس کے قتل کے بارے میں جھوٹ بولا گیا ، سب کو معلوم ہے اس کی لاش کو سڑک پر پھینکا گیا ، کوئی ڈرائیور اس کی لاش کو سروسز ہسپتال لے کر گیا ، کون اپنے لوگوں سے ایسا کرتا ہے ، اس نے کیا جرم کیا تھا، وہ ساری رات میرے گھر کے باہر بیٹھا رہتا تھا، وہ ایسا انسان تھا جو کسی کا کچھ بیگاڑ نہیں سکتا تھا، صبح پانچ بجے آوازیں آتی تھیں وہ عمران خان کو آوازیں دے رہا ہوتا تھا ،مجھے اس سے ملنے کا موقع ہی نہیں ملا ، اسے قتل کر کے لاش کو سڑک پر پھینک دیا گیا اور اس کے قتل کا مقدمہ میرے اوپر ڈال دیا ہے ، اس کے ساتھ مزید دور اور مقدمات کر دئیے ہیں اور اب میرے اوپر 78مقدمات ہو گئے ہیں ، اس وقت یہ پاکستان میں حالات ہیں ، مجرموںنے ملک کو سنبھالا ہوا ہے ،قاتل چور ڈاکو منی لانڈر جھوٹ بولنے والے پاکستان پر مسلط ہیں، ان کا پاکستان میں کوئی اسٹیک نہیں ، یہ پاکستان میں آتے ہی لوٹنے کے لئے ہیں، ان کا علاج ،سرجری ، عیدیں شاپنگ بیرون ملک ہیں، ملک کا دیوالیہ نکل جائے انہیں اس کا کوئی فرق نہیں پڑتا ،انہوںنے ملک سے وہ کیا ہے جو کوئی دشمن بھی نہیںکرتا۔ انہوںنے کہا کہ ان کی صرف یہ کوشش ہے کہ عمران خان کی آواز بند کرو اسے جیل میں بند کرو، تحریک انصاف کو کسی طرح انتخابی مہم نہ چلانے دو ۔گزشتہ رات بھی انہوںنے زمان پارک کی بجلی کاٹ دی اورآپریشن کی تیاری ہو گئی تھی ، انہوں نے مجھے یہاں سے اٹھا کر بلوچستان لے کر جانا تھا اور وہاں پر ڈھائی مہینے کے لئے رکھنا تھا ان کا مقصد ہماری پارٹی کو کرش کرنا تھا ،بولنے والوں کو سزائیں دینی تھیںاور پھر کنٹرولڈ انتخابات کر کے ان چوروں کو دوبارہ سے مسلط کر دینا تھا ۔ کارکن کی شہادت کا سوشل میڈیا پر شور مچ گیا وگرنہ ان کا منصوبہ مجھے اٹھانے کا تھا ، میںہر چیز کے لئے تیار ہوں،قوم کو کہنا چاہتا ہوںکہ انہوںنے ملک کی جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نگرانک کا مطلب غیر جانبدار ہوتا ہے اور یہ غیر جانبدار ہیں جو ایک ایجنڈے پر آئے ہیں جن کا مقصد تحریک انصاف اور عمران خان کو کرش کرنا ہے ۔ایسا وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا ہے جس نے قسم کھائی ہوئی ہے کسی نہ کسی طرح تحریک انصاف کو ختم کرنا ہے ۔