لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان ہمیشہ بےساکھیوں پر تھے لیکن جب سے بےساکھیاں گئی ہیں ان کی عقل ٹھکانے نہیں آرہی،پی ٹی آئی نے جیل بھرو تحریک کی طرح ریلی کی کال دی لیکن اس میں بھی کارکنان اور نوجوانوں کو ایندھن بنایا گیا اور لیڈر خود چھپ کر گھر میں بیٹھا رہا ،جو کارکن شہید ہوا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے ،اس کی تحقیقات ہونی چاہیے ، اپنے بچے تو لندن میں محفوظ جگہ پر بٹھائے ہوئے انہیں کوئی انگلی نہیں لگا سکتا لیکن لوگوں کے بچوں کو کہتے ہو سڑک پر آﺅ مہم کو لیڈ کرو،کیا لیڈر ایسا ہوتا ہے، پہلا گیڈر دیکھا ہے جس نے کارکنان کو اپنی ڈھال بنایا ہوا ہے ،نواز شریف کارکنا ن کی ڈھال بنتے ہیں ، یہ شیر اور گیدڑ میں فرق ہے ،جب نواز شریف نے عدلیہ بچاﺅ تحریک شروع کی تو یہ نہیں کہا نوجوانوں تم آگے آﺅ اور خود گھر میں بیٹھے رہے ہوں ، ایسے تحریک کامیاب ہو سکتی تھی،آج الیکشن ہو جائے ایک اسمبلی میں یہ آ جائیں ایک مسلم لیگ (ن) جیت جائے تو کیا گارنٹی ہے یہ کل دوبارہ اسمبلی نہیں توڑے گا ، یہ نشے کی حالت میں ہوتا ہے ، دماغ سے فیصلہ کرنے کی قوت نہیں ، ضمنی انتخابات میں دس نشستوں سے کھڑا ہوا اور جیت کر ساری نشستیں چھوڑ دیں، یہ انتخابات مفت میں نہیں ہوتے، اس پر پیسے لگتے ہیں ، ہونا تو یہ چاہیے اسے کہا جائے کہ پیسے رکھو جو لگوائے ہیں یہ کوئی آپ کے والد صاحب کے پیسے نہیں قوم کے پیسے ہیں، میں کسی عہدے پر ہوتی تو سب سے پہلے یہ کہتی ،یہ 22کروڑ عوام کا جیتا جاگتا ملک ہے ، بچوں کا کھیل نہیں اسمبلی توڑ دی ، سائفر کا رونا رو دیا ، سائفر کی آڑ میں قومی اسمبلی توڑ دی اور پھر اسی اسمبلی میں واپس جانے کے لئے دن رات منتیں کر رہا ہے ،ترازو کے پلڑے برابر ہوں گے تو اس پر پاکستان کے مستقبل کی بنیاد ہے ،جب تک انصاف نہیں ہوگا اس ملک میں ترقی نہیں آ سکتی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ڈسٹرکٹ یوتھ کوارڈی نیٹرز پنجاب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، سینیٹر پرویز رشید،معاون خصوصی برائے امور نوجوان شزا فاطمہ خواجہ اور دیگر بھی موجود تھے ۔مریم نواز نے کہا کہ میں تمام کواردی نیٹرز کو مبارکباد دیتی ہوں ، پاکستان کی نوجوان نسل میرے لئے مسلم لیگ (ن) کے لئے اورنواز شریف کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہے ،ہماری یہی کوشش ہے کہ نوجوان نسل کو سمت دیں ان کو پلان بھی دیں اور پاکستان میں ان کا مستقبل بھی محفوظ بنائیں۔عاشق کرمانی جو پنجاب کے یوتھ کوارڈی نیٹر ہے ،نوجوان اراکین اسمبلی ہیں اورٹکٹ ہولڈرز ہیں جنہیں کوارڈی نیٹرز کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں مجھے امید ہے کہ انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ اسے بہترین طریقے سے نبھائیں گے،نہ صرف میرا نواز شریف اورمسلم لیگ(ن) بلکہ پاکستان کا سر فخر سے بلند کریں گے ،پاکستان کے جھنڈے کو اونچا رکھیں گے۔اس قوم کے تمام نوجوانوں کو کسی سیاسی تفریق کے بغیر ملک کے لئے سمت دینے کی ضرورت ہے ، یہ اپنا حصہ ڈالیں اور اگر ملک کی قسمت بدل سکتی ہے تو وہ پاکستان کی نوجوان نسل کا کردار ہے جو انہوںنے ادا کرنا ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ جب سے مجھے چیف آرگنائزر کا عہدہ ملا ہے میری سب سے زیادہ توجہ نوجوانوں کے اوپر ہے ، نوجوان نسل پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز ہیں ، یہ پاکستان کا حال ہیں مستقبل ہیں ، نوجوان نسل کے پاس جو طاقت ہے اس کو ہم پاکستان کی سمت کودرست کرنے کے لئے استعمال کریں ۔ مجھے امید ہے جن لوگوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں وہ اس کو احسن طریقے سے ادا کریں گے کیونکہ انہیں معلوم نہیں ہے کہ پارٹی نے ان پر کتنا اعتماد کر کے اتنی بڑی ذمہ داری ان کے کندھوں پر ڈالی ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ اس وقت ہماری آبادی میں سب سے زیادہ نوجوانوں کی ہے لیکن افسوس ہے کہ اس کو سیاسی ایندھن تو بنایا جاتا ہے لیکن اس کے مستقبل کے بارے میں کوئی پروگرام نہیں۔جب 2008ءسے 2013ءتک شہباز شریف کا وزارت اعلیٰ کا دور دیکھ لیں یا 2013سے2018کا مسلم لیگ (ن) کا دور ہو ، اگر کسی کے پاس ترقی کا پلان ہے ، معیشت ،یوتھ ، توانائی کا پلان ہے ،دہشتگردی کے خا تمے ،کلائمیٹ چینچ سے نمٹنے کے لئے پلان ہے تو وہ صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے ، باقی جماعتیں دعوے تو کرتی ہیں ہم نوجوانوں کو نمائندگی دیں گی لیکن ان کا مسلم لیگ (ن) کے ساتھ موازنہ کریں تو اس وقت بھی سب سے زیادہ نوجوان پارلیمنٹرینز کی تعداد مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے ۔