لاہور (نمائندہ خصوصی ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کیخلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کرلی گئی۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔پیمرا نے تمام سیٹلائٹ چینلز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اداروں پر حملے کررہے ہیں، اس لئے عمران خان کی تقاریر، گفتگو اور بیانات پر مکمل پابندی ہے جس پر پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کے اقدام کو چیلنج کردیا ہے، سابق وزیراعظم کی تقاریر، گفتگو اور بیانات پر پابندی کے خلاف درخواست بیرسٹر احمد پنسوتہ اور اشتیاق اے خان نے دائر کی۔پی ٹی آئی نے درخواست میں مو¿قف اپنایا کہ تقاریر پر پابندی آئین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، آئین پاکستان شہریوں کو آزادی اظہار کی اجازت دیتا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی تقاریر پر پابندی آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے، آزادی اظہار پر پابندی کو کبھی بھی عوام نے قبول نہیں کیا۔عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے خلاف درخواست لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کےلئے مقرر کردی گئی ہے، پہلے نام آیا تھا کہ جسٹس شاہد بلال حسن کچھ دیر میں سماعت کریں گے، تاہم جسٹس شاہد بلال حسن نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے معذرت کرلی ہے۔رجسٹرار ہائی کورٹ نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض لگایا تھا کہ درخواست کے ساتھ پیمرا کا حکمنامہ منسلک نہیں، تاہم اب عمران خان کے وکیل نے پیمرا کا حکمنامہ درخواست کے ہمراہ منسلک کردیا ہے۔عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔