کراچی(نمائندہ خصوصی) یورپی ملکوں میں فضائی آپریشن بحالی کے لیے یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے کے آن لائن آڈٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ذرائع کے مطابق منگل کو دن بھر ایاسا کی جانب سے پی آئی اے سے آن لائن آڈٹ کے دوران تیکنیکی نوعیت کے سوالات و معاملات زیر بحث رہے۔ ایاسا ٹیم کی جانب سے فلائٹ سیفٹی، انجینئرنگ اور فلائٹ آپریشنز کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے آگاہی لی گئی۔پی آئی اے نے سیفٹی اور دیگر انتظامی امور سے متعلق ایاسا ٹیم کو آگاہ کیا۔ایاسا ممبرز کی ٹیم ممبران یورپ (اٹلی اور فرانس) سے آن لائن آڈٹ کے حوالے سے قومی ایئرلائن سے منسلک تھے اور اگلے مرحلے میں ایاسا ٹیم پاکستان آکر پی آئی اے کا آن سائٹ آڈٹ کرے گی۔ آن سائٹ آڈٹ پی آئی اے پر یورپی ملکوں کے فلائٹ آپریشن کی راہ میں حائل پیچیدگیوں کے لیے معاون ثابت ہوگا۔کپتانوں کے مبینہ جعلی لائسنس اسکینڈل کے سبب پی آئی اے پر جولائی 2020 سے یورپی ملکوں کے براہ راست فضائی آپریشن پر پابندی عائد ہے۔