اسلام آباد/ لاہور (نمائندہ خصوصی/ بیورو رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ بھی کریں لیکن دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ کچھ برداشت نہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے بجلی کی غیر معمولی لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بجلی کے محکموں سے منسلک افسران پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور عدالت میں پیشی کے بعد فوری متعلقہ افسران کو طلب کیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صرف 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے
اس پر وزیراعظم شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ 10 گھنٹے سے زائد ہے، میں آپ کے جھوٹ کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں، اگر آپ مجھے لوڈشیڈنگ کی یہ تاویل دے رہے ہیں تو میں نہیں مانتا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف وزراء اورافسران پر برس پڑے اور ان کی وضاحتوں کو مسترد کردیا۔وزیراعظم نے کہا کہ کچھ بھی کریں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ کچھ برداشت نہیں، مجھے وضاحتیں نہیں چاہئیں، عوام کو مشکل سے نکالیں، عوام کو لوڈشیڈنگ کی تکلیف سے نجات چاہیے، عوام تکلیف میں ہوں اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔