کراچی(نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی نے دوسرے اداروں سے ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی پر پابندی عائد کر دی ہے، پابندی 3 ماہ کے لئے ہے۔ ایک اور نوٹیفیکیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے گریڈ 20 کے پولیس افسر عامر فاروقی کی خدمات سندھ پولیس کے حوالے کر دی ہیں۔ ڈائریکٹر ایچ آر ایم محمد شہزاد آصف خان کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ادارے میں مختلف عہدوں پر بھرتیاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں لہذا یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے میں کسی بھی ادارے سے کوئی بھی افسر ڈیپوٹیشن پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔ یہ پابندی تین ماہ کے لیے نافذ کی گئی ہے۔
دوسری طرف وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری ماجد محسن پہنور کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پولیس سروس کے گریڈ 20 کے افسر عامر فاروقی جو ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات تھے ان کی خدمات سندھ پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح گریڈ 20 کے پی ایس پی افسر عاصم خان قائم خانی جو سائبر کرائم کراچی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ہیی ان کی خدمات بھی سندھ پولیس کو دینے کی کارروائی جاری ہے۔ ڈیپیوٹیش پابندی کے بعد حیرت انگیز طور پر گزشتہ روز ہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایک مراسلہ جاری کیا کہ پنجاب پولیس اسپیشل برانچ میں تعینات ڈی ایس پی شبیراحمد خان کی خدمات وزارت داخلہ کے حوالے کر دی گئی ہیں اور ان کی مزید پوسٹنگ بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر کی جائے گی۔