بولان/سبی(نمائندہ خصوصی) ڈھاڈر کے قریب کمبڑی ڈبل پل کے مقام پر بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر خود کش حملہ،9اہلکار شہید 9 شدید زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح بلوچستان کانسٹیبلری کے 22 جوان پولیس کی مزدا ٹرک میں سوار ہوکر سبی میلہ اختتام کے بعد کوئٹہ جارہے تھے کہ راستے میں ڈھاڈر سبی کے درمیانی علاقے کمبڑی لیویز ایریا ڈبل پل کے قریب مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل ٹکرانے سے زور دار دھماکہ ہوگیاجس سے گاڑی جائے حادثے سے کئی فٹ دور جاگری ۔ڈپٹی کمشنر کچھی سمیع اللہ آغا اور ایس ایس پی کچھی محمود احمد نوتیزئی کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔ حملہ آور بارود سے نصب موٹر سائیکل کے ساتھ گاڑی سے ٹکرایا جس سے زور دار دھماکہ ہوا دھماکہ میں 9 اہلکار شہید جبکہ 9 زخمی ہوگئے شہید ہونے والوں میں ایک راہ گیر بھی شامل ہے ۔واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی سی کچھی سید سمیع اللہ آغا، ایس ایس پی کچھی محمود احمد نوتیزئی، اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر فہد شاہ راشدی،انچارج لیویز تھانہ ڈھاڈر بابو فدا حسین جتوئی،ایس ایچ او ڈھاڈر شوکت علی دیگر قانون نافذ کرنے والے جائے حادثہ پہنچ کر زخمیوں اور شہداءکو سول ہسپتال سبی منتقل کردیا گیا ۔واقع کے بعد سول ہسپتال سبی اور ڈھاڈر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی واقع کے بعد بم ڈسپوزبل اسکواڈ، سی ٹی ڈی آفیسران نے جائے حادثہ کو سیل کرکے شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیا ۔ دھماکے میں شہید ہو نے والے والوں میں شہزاد احمد،گل بدین،راوت خان،سمیع اللہ، نزر محمد، عبدالقیوم،محمد حیات ،زویر علی،کانسٹیبل نامعلوم شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں غلام قادر،عطاءاللہ،عبدالحق،رستم علی،محمدالیاس،غلام محمد،ابراہیم خان،محمد یعقوب،سلیم شامل ہیں۔ دریں اثناءرکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند نے ڈھاڈر کے قریب دلخراش سانحے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر بی سی اہلکاروں پر حملہ کرکے دہشت گردوں نے بلوچستان کی امن کو ثبوتاژکرنے کی کوشش کی ہے سانحہ کمبڑی میں شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں انشاءاللہ جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔