اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پیٹرول اور بجلی کے بعد گیس کی قیمتوں میں 45 فیصد تک اضافہ کی حتمی منظوری کےلئے سمری حکومت کو ارسال کردی ہے۔ اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ سوئی ناردرن کےلئے 45 اور سوئی سدرن کے لیے 44 فیصد اضافہ کی سمری حکومت کو بھجوا دی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق سوئی ناردرن کےلئے گیس 266 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی منظوری دی جس کے بعد گیس کی قیمت 854 روپے 52 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔نوٹی فکیشن کے مطابق سوئی سدرن کےلئے گیس 308 روپے 53 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کے بعد قیمت 1007 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی۔نوٹی فکیشن کے مطابق اوگرا نے سوئی گیس کمپنیوں کو پچھلے سالوں کے دوران 264.89 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کو پورا کرنے کیلئے 720.20 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کی اجازت دی ہے۔
اوگرا کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سوئی گیس کمپنیوں کی جانب سے اگلے مالی سال 23-2022 کے لیے کلیم کئے جانیوالے ریونیو کی ضروریات پر مشتمل سمری کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد دونوں کمپنیوں کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا تعین کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مجوزہ اضافہ کی سمری وفاقی حکومت کو بھجوادی ہے اب وفاقی حکومت نے پالیسی سطح پر فیصلہ کرنا ہے کہ کتنا اضافہ صارفین کو منتقل کرنا ہے۔