بنگلورو( نیٹ نیوز ) حجاب پہننے والے طلباء کو 9 مارچ سے شروع ہونے والے دوسرے پری یونیورسٹی کورس (پی یو سی) امتحانات میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ کرناٹک کے وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے اتوار (5 مارچ) کو یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی طلبا کو یونیفارم پہن کر امتحان دینا ہوگا۔ حجاب پہننے والی طالبات کو امتحانات میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا تعلیمی ادارے اور حکومت طے شدہ اصولوں کے مطابق کام کر رہے ہیں۔وزیر نے مزید کہا کہ حجاب پر پابندی کے بعد امتحانات میں شرکت کرنے والے مسلم طالبات کی تعداد میں بہتری آئی ہے۔ تاہم، انہوں نے اپنے دعوؤں کو ثابت کرنے کے لیے کوئی صحیح تعداد نہیں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ حجاب پر پابندی کے بعد امتحانات میں شرکت کرنے والی مسلم لڑکیوں کی تعداد اور ان کے اندراج کے تناسب میں اضافہ ہوا ہے۔ خیال رہے کہ کرناٹک کے کالج میں حجاب پہننے پر تنازعہ کے بعد عدالت نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی لگا دی تھی۔