جکارتہ (نیٹ نیوز)انڈونیشیا کے دارالخلافہ جکارتہ کے گنجان آباد علاقے میں تیل کے گودام میں اچانک آگ بھڑکنے سے 17 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایاکہ آگ لگنے کے فوری بعد ہونے والے دھماکوں کے باعث آگ گرد و نواح کے رہائشی علاقوں تک پھیلنا شروع ہوئی، حکام نے آس پاس رہنے والے ہزاروں افراد سے علاقہ خالی کروادیا۔حکام کا کہناتھا کہ سرکاری تیل اور گیس کمپنی پرٹامینا کے زیر انتظام شمالی جکارتا کے علاقے تانا میرا کے گنجان آباد علاقے میں موجود پملپینگ فیول اسٹوریج اسٹیشن سے انڈونیشیا کی ضروریات کا 25 فیصد ایندھن سپلائی کیا جاتا ہے۔آگ لگنے کے واقعے میں 2 بچوں سمیت 17 افراد جھلس کر ہلاک ہو ئے جبکہ 50 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بارشوں کے دوران بجلی گرنے سے پائپ لائن پھٹنے کے باعث گودام میں آگ بھڑکنے کا واقعہ پیش آیا، گودام میں آگ لگنے سے ملک میں ایندھن کی سپلائی متاثر نہیں ہوگی۔