لاہور( نمائندہ خصوصی) انسداد دہشت گردی فورس نے پنجاب میں 11 ماہ سے زائد عرصے پر محیط خفیہ کارروائیوں کے سلسلے میں 170 سے زائد انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کیا ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ سال اسلامک اسٹیٹ آئی ایس، القاعدہ، اسلامک اسٹیٹ،خراسان اور دیگر مقامی عسکریت پسند گروپوں کے کارندوں کے خلاف خفیہ کارروائیاں شروع کیں۔سی ٹی ڈی حکام نے انکشاف کیا کہ ان کارروائیوں میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔ جنوبی پنجاب میں 40 کارروائیوں میں القاعدہ کے 22 ارکان کو گرفتار کیا گیا۔حکام نے 35 کارروائیوں میں آئی ایس کے 41 دہشتگردوں کو بھی گرفتار کیا، جبکہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے نتیجے میں آئی ایس،خراسان گروپ کے چار آپریٹرز کو بھی گرفتار کیا گیا۔سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کی گئی ان کارروائیوں کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے 89 کارندوں کو بھی گرفتار کیا۔گرفتار ہونے والوں میں ٹی ٹی پی غازی گروپ کے 10 ارکان، کالعدم لشکر جھنگوی کے 8 کارندے اور 313 بریگیڈ سے ایک کا تعلق بھی شامل ہے۔سی ٹی ڈی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ دو درجن کے قریب دہشتگرد افغانستان اور شام میں اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ یہ حملہ آور جنوبی پنجاب میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔سی ٹی ڈی کی ٹیم نے القاعدہ کے لیے کام کرنے والے ولید آصف کو گرفتار کر لیاجس کے قبضے سے نوائے افغان جہاد، حطین، کس کی فوج ہے اور دیگر مواد سمیت متعدد میگزین قبضے میں لے لیے۔