اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نجکاری کے بعد کراچی الیکٹرک کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے جو خوش آئند ہے ،کراچی الیکٹرک کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کراچی الیکٹرک کے چار رکنی وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے نجی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت قابل تجدید بالخصوص توانائی کے ذخائر سے بجلی پیدا کرنے کو ترجیح دے رہی ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں موجود سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کئے جانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کراچی الیکٹرک کے سرمایہ کاروں کو انرجی سیکٹر خصوصاً شمسی توانائی کے شعبے سرمایہ کاری کی ترغیب بھی دی۔ وزیراعظم نے کراچی الیکٹرک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے بعد کراچی الیکٹرک کی کارکردگی میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو کراچی الیکٹرک کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ کراچی الیکٹرک کے لائن لاسز میں کمی آئی ہے اور ریونیو کلیکشن میں بہتری آئی ہے جو کہ باقی ڈسٹربیوشن کمپنیوں کے لئے ایک مثال ہے۔ملاقات میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی , وزیراعظم کے معاون خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی جبکہ کراچی الیکٹرک کے وفد میں شیخ عبدالعزیز حمد الجومیہ ،شان عباس،نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کراچی الیکٹرک ،سید مونس عبداللہ علوی،چیف ایگزیکٹو افسر کراچی الیکٹرک اور عمران حسین قریشی چیف ریگولیٹری افسر کراچی الیکٹرک شامل تھے۔