میرپور، (کے ایم ایس)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بیرون ممالک مقیم کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اورتنازعہ کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر موومنٹ فار سیلف ڈیٹرمینیشن انٹرنیشنل برطانیہ کی پامیلا ملک، غزالہ خان اور کنول خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا بیرون ممالک مقیم کشمیریوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی المناک حالت زار کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔انہوںنے کہا کہ کشمیری انتہائی بہادری کے ساتھ بھارتی جبر و استبداد کا مقابلہ کررہے ہیں۔
صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ بھارت نے نو لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کر کے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز اہلکاوں نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ بھارت کی نسل پرست بی جے پی حکومت مقبوضہ جموںوکشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوششیں کررہی ہے۔