اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابی جلسوں کی تیاری شروع کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کو انتخابی جلسوں کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہیں، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خود انتخابی مہم کی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔عمران خان نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی تنظیموں کو امیدوار فائنل کرنے کے ساتھ دونوں صوبوں کے پارلیمانی بورڈز کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جیل بھرو تحریک معطل کر کے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔