خوست (نمائندہ خصوصی )افغانستان کے مشرقی صوبے خوست میں ایک دھماکے کے نتیجے میں پاکستانی طالبان کے کئی کمانڈراور دیگر اراکین ہلاک اور زخمی ہوگئے ، پاکستان میں سرکاری ذرائع نے جمعرات کو واقعہ کی تصدیق کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق خوست صوبے کے مرکزی شہر خوست میں پاکستانی طالبان کے حافظ گل بہادر گروپ کے کمانڈرو ں اور ممبران پر اس وقت بارودی سرنگ کا دھماکہ جب وہ ایک ہوٹل میں کھانا کھا رہے تھے ۔ہلاک ہونے والے کمانڈروں میں عبد المنان ، عالم خان اور کجیر شامل ہیں ۔ دیگر ہلاک ہونے والے کمانڈروں اور اراکین کے نام معلوم نہیں ہوسکے ۔ پندرہ زخمیوں میں کمانڈر فضل امین ، کمانڈر محمد طوفان اور کمانڈر نور پائیو خان شامل ہیں ۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام کا تعلق شمالی وزیرستان قبائلی ضلع ہے ۔ یاد رہے کہ 2014ءمیں سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں بڑے آپریشن سے پہلے حافظ گل بہادر گروپ علاقے میں فعال تھا لیکن آپریشن کے بعد اس گروپ کے رہنما اورجنگو افغانستان چلے گئے تھے ۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوا کہ پاکستانی مسلح گروپ کے اراکین کو کس نے نشانہ بنایا ہے ۔