اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ سپر ڈومیسائل نے عمران نیازی کو لاڈلہ پلس بنا دیا ہے،لاڈلہ پلس کی آمد کے لئے عدالت ایک ہفتے تک انتظار کرتی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے سوال کیا کہ کیا کسی عام شہری کو عدالت سے ایسی چھوٹ ملتی ہے جو عمران خان کو دی گئی؟ کیا کوئی عام شہری عدالت کے احاطے میں وہ سب کچھ کر سکتا ہے جو عمران خان نے کیا؟ ایک ملک میں قانون اور انصاف کے دو معیار نہیں ہو سکتے۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران کو اقتدار میں لایا گیا تو انتقام ان کا ایجنڈا تھا۔ جب انہیں اقتدار سے نکالا گیا تو انتشار کی علامت بن گیا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بار بار مطالبہ اور شور کرتے رہے کہ استعفے منظور کرو۔ اسپیکر نے استعفے منظور کئے تو اب ماتم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے پاکستان میں انتشار پھیلانے کو اپنا مشن بنا رکھا ہے۔ عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو سائیکل کی مثال دیتے تھے حکومت میں آئے تو ہیلی کاپٹر سے نہ اترے۔ شازیہ مری نے کہا کہ ریاست لاڈلے پلس کے نخرے اٹھانے کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔