کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیا میں کورونا کی عالمی وباء نے صحت کی دیکھ بھال کے نظام پر جہاں اثر ڈالا وہیں دماغی اور نفسیاتی صحت کے مسائل میں بھی اضافہ ہوا۔ دنیا بھر میں دماغی اور نفسیاتی صحت میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ذہنی امراض کا علاج اور روک تھام ضروری ہے جس کے لئے عوام کی دلچسپی بحالی کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آگہی دی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں پاکستان سائیکاٹرک ریسرچ سینٹر ، دی برین کلینک پاکستان ، پاکستان سائیکاٹرک سوسائٹی ، سارک سائیکاٹرک فیڈریشن اور ایشین فیڈریشن کے تعاون سے کراچی کے مقامی ہوٹل میں تین روزہ ڈبلیو پی اے تھیمیٹک کانگریس منعقد کی جائے گی جو 3سے 5 مارچ تک جاری رہے گی جس کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ہوں گے۔ کانگریس میں دنیا بھر سے ماہرین شرکت کریں گےجن میں پروفیسر ایم افضل جاوید، پروفیسر ایڈرین جیمز، پروفیسر البرٹ پرساؤڈ، پروفیسر کام بھوئی، برطانیہ سے پروفیسر شاہد لطیف، ہانگ کانگ سے پروفیسر راجر این جی، آسٹریا سے پروفیسر جوہانس وانکاٹا، پروفیسر راجیو ٹنڈن،پروفیسر مجیب شاد، امریکہ سے پروفیسر کرسٹینا ہوون، جرمنی سے پروفیسر مریم شولر اوکاک اور قطر سے پروفیسر وقار عظیم اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔