لندن ( نمائندہ خصوصی )
کراچی سٹی الائنس کے مرکزی رہنما حبیب جان نے اپنے ایک بیان میں لیاری میں پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر بلاجواز فائرنگ اور مقدمات قائم کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گزشتہ پندرہ سال سے صوبہ سندھ میں بلاغیرے شرکت حکمرانی کرنے والے پیپلز پارٹی کے اکابرین اپنی بیڈ گورنس پر شرمندگی محسوس کرنے کی بجائے احتجاج کرنے والوں کو ڈرا دہمکارہے ہیں۔ حبیب جان نے کہا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ انتخابات میں لیاری سے بلاول بھٹو کی شکست کو اب تک نہیں بھول پائی ہے اور اس کا بدلہ اہلیان لیاری سے پانی اور بجلی کی بندش کرتے ہوئے لے رہیں ہے۔ حبیب جان نے کہا کل رات اہلیان لیاری اور جس میں پیپلز پارٹی کے کارکنان بھی شامل تھے پانی اور بجلی کے طویل بندش کے خلاف جمہوری انداز میں احتجاج کرتے ہوئے حکمرانوں سے بجلی اور پانی کی بحالی کا مطالبہ کررہے تھے لیکن انتقام کی آگ میں مبتلا پیپلز پارٹی کے ذمہ داروں نے مسائل حل کرنے کی بجائے مظاہرین پر فائرنگ شروع کرتے ہوئے مظاہرین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کراکے پابند سلاسل کردیا۔ حبیب جان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا آج کی پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے روٹی کپڑا مکان کے فلسفے کی مکمل نفی ہے۔ کل کا بلاول ہاؤس غریب کے حقوق کا ضامن تھا جبکہ آج کا بلاول ہاؤس ٹریڈنگ ہاؤس اور پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی میں تبدل ہوگیا ہے۔ حبیب جان نے حکمراں جماعت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان لیاری کو تنہا نہ سمجھا جائے اگر ضرورت پڑی تو اہلیان لیاری کی حفاظت کیلئے دنیا بھر میں کسی بھی وقت احتجاجی تحریک شروع کی جاسکتی ہے۔