کراچی( کورٹ رپورٹر ) سی ٹی ڈی افسر شعیب قریشی ضمانت مسترد ہونے پر کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں اغوا برائے تاوان اور بھتہ وصولی کے کیس میں سی ٹی ڈی کا افسر شعیب قریشی ضمانت مسترد ہونے پر کمرہ عدالت سے گرفتار ہو گیا۔سب انسپکٹر شعیب قریشی پر نیو کراچی، بلال کالونی سے 2 شہریوں کو اغوا کرنے کا الزام ہے۔ملزم شعیب قریشی نے عدالت سے فرار ہونے کی بھی کوشش کی، تاہم ان کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور انھیں حراست میں لے لیا گیا، شعیب قریشی کو تحقیقاتی رپورٹ میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 7 جون 2022 کو اے آر وائی نیوز نے اس حوالے سے ایک خبر چلائی تھی، جو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ساتھ تھی، جس میں سادہ لباس اہل کاروں کو دو شہریوں کو پکڑتے دیکھا گیا۔اس حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ سی ٹی ڈی ٹیم نے بلال کالونی سے 2 شہریوں کو مبینہ اغوا کیا ہے اور سی ٹی ڈی انسپکٹر شعیب قریشی اور ٹیم نے زیر حراست افراد سے رشوت لی ہے۔ذرائع کے مطابق زیرحراست ایک شہری فیضان کو 2 لاکھ 70 ہزار رشوت لے کر چھوڑا گیا جب کہ سعد نامی دوسرے شہری کو چھوڑنے کے لیے 25 لاکھ رشوت طلب کی گئی۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے انکوائری کا حکم دے دیا تھا۔