سرینگر(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ روز ضلع پلوامہ میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے کشمیری پنڈت سنجے شرما کے مسلمان ہمسایوں نے سنجے کی آخری رسومات کی ادائیگی میں اس کے اہل خانہ کی مدد کی۔
مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ مسلمان ہمسائے سنجے شرما کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے اکٹھے ہوگئے۔انہوں نے کہاکہ سنجے شرما کا خاندان گاوں میں مقیم واحد پنڈت خاندان ہے اور آج اس کے دوستوں اور مسلم کمیونٹی کے لوگوں نے آخری رسومات کی ادائیگی میں اس کے اہلخانہ کی مدد کی ۔مقامی لوگوں نے سنجے شرما کی میت کو کندھا دیا اور آخری رسومات کے لیے لکڑی کا بندوبست کیا۔ایک مقامی شہری مدثر احمد نے بتایا کہ وہ ہم میں سے ایک تھا۔ ہم نے اسے کبھی کشمیری پنڈت کے طور نہیں دیکھااورہم نے اسکی آخری رسومات کے لیے درکار ہر چیز کا انتظام کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور پنڈتوں کے درمیان سینکڑوں سال سے ایک گہرا رشتہ ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ جب ہم نے یہ افسوسناک خبر سنی تو ہم سب گھر والوں کو تسلی دینے کے لیے پہنچ گئے اور آج آخری رسومات ادا کرنے میں مدد کر رہے ہیں ۔سنجے کے رشتہ داروں نے یہ بھی کہا کہ گائوں کے مسلمانوںنے ہمیشہ ضرورت کے وقت پنڈتوں کی مدد کی ہے ۔