کوئٹہ (نمائندہ خصوصی ) ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی میں مو ٹرسائیکل میں نصب بم کا دھماکہ 5افراد جاں بحق خواتین سمیت 10سے زائد افرادزخمی ہو گئے ۔ پو لیس کے مطابق اتوار کو ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی میں بازار میں واقع حجام کی دکان کے باہر کھڑی مو ٹرسائیکل میں نصب دھماکا خیر مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گل خان ،میر محمد ،رحیمو ں، عبد العزیز اورکمال خان جاں بحق جبکہ اعجاز ، میرن شاہ ، خیر محمد، اللہ بخش، نظام الدین، حاکم بی بی ،امیرن بی بی سمیت 10سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کی بھار ی نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ۔ پو لیس کے علا قے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کر لئے مزید کاروائی جا ری ہے ۔ صدر مملکت عارف علوی ، وزیر اعظم شہباز شریف ، وزرائے اعلیٰ ، وفاقی وزراءنے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گرد سزا سے بچ نہیں سکیں گے ،ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔لیویز کنٹرول روم بارکھان حبیب اللہ نے تصدیق کی کہ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ایس ایس پی بارکھان نجیب پندرانی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ڈی سی بارکھان عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکا خیز مواد آئی ای ڈی کے ذریعے موٹرسائیکل پر نصب کیا گیا تھا جس پر 2 افراد سوار تھے۔عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکے کے بعد زخمیوں کو رکھنی ہسپتال منتقل کر دیاگیاجبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان کے علاقے بارکھان میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ۔صدر مملکت نے شہداءکے لواحقین سے اظہار تعزیت، شہداءکیلئے بلندی درجات کی دعا کی ۔صدر مملکت نے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔صدر مملکت نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ۔وزیراعظم شہبازشریف نے بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار، اہل خانہ سے ہمدردی کیا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ اور آئی جی پولیس بلوچستان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشت گرد سزا سے بچ نہیں سکیں گے ،ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے ۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بدامنی پیدا کر رہے ہیں، ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مزید مو¿ثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکیورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور دیرپا امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت دی کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیںاسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے بلوچستان کے ضلع بارکھان میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں انسانی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ۔ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاءفرمانے کی دعا کی ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بارکھان بلوچستان میں ہونے والے دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ تخریبی کارروائیوں سے ملک اور بالخصوص بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دھماکہ میں شہدا کے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بارکھان بلوچستان میں ہونے والے دھماکہ کی شدید مذمت کی اور شہدا کی بلندی درجات کی دعا کی اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ دریں اثناﺅفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے بارکھان، بلوچستان کے علاقے رکھنی میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورغم کااظہار کیا ۔وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔وزیر داخلہ نے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ دہشت گرد بلوچستان میں امن اور ترقی کے دشمن ہیں،دہشتگرداپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلند کرےاور انکے لواحقین کو صبر جمیل عطاکرے۔وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔