کراچی(اسٹاف رپورٹر) ادارہ ترقیات کراچی کی سرجانی میں قبضہ مافیا کے خلاف مسماری آپریشن۔امن وامان کی صورتحال خراب ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر،مختیار کار سمیت علاقہ پولیس موقع سے فرار ہو گئی تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی کے محکمہ انسدادو تجاوزات کی اینٹی انکروچمنٹ پولیس فورس کے ہمراہ سرجانی اسکیم 41 کے سیکٹر13 میں الاٹ شدہ رہائشی،تجارتی و رفاحی پلاٹوں پر خانو بروہی نامی غیر قانونی گوٹھ کے نام پر تعمیر کی جانے والی چہار دیواریوں کو مسمار کر دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق مسماری آپریشن شروع ہوتے ہی خواتین کی بڑی تعدادامنڈ آئیں اور مسماری آپریشن کو روکنے کی کوشیش کی۔معلوم چلاہے کہ قبضہ مافیا نے معصوم شہریوں کو دس ہزار ماہانہ دیکر قبضہ کی گئی اراضی کو رہائش (آباد) ظاہر کرنے کی کوشیش کی جارہی ہے۔ اس اثناء قبضہ مافیا نے عملے پر پتھراؤ اور فائرنگ شروع کر دی ۔فائرنگ شروع ہوتے ہی اسسٹنٹ کمشنر،مختیار کار سمیت سرجانی پولیس نے موقع سے فرار ہونے پر ہی غنیمت جانی جبکہ قابضین نے مسماری آپریشن میں شامل پرائیوٹ مشینری پر پتھراؤ کرکے شیشے توڑ دیئے۔بعدازیں امن وامان کی صورتحال بے قابو ہونے پر آپریشن روک دیا گیا تاہم کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے مسماری آپریشن کسی دباؤ کو خاطر لائے بغیر جاری رہے گا۔یاد رہے کہ سرجانی اسکیم 41 شہریوں کو قرعہ اندازی کے زریعے آلاٹ کی جاچکی ہے تاہم انفراسٹرکچر کی عدم تعمیر کے سبب 39 سال سےآلاٹیز اپنے مکانات تعمیر کرنے سے محروم ہیں۔