نیو یارک( نیٹ نیوز )
امریکا کے کئی شہروں میں ایک ایسی عجیب منشیات کا استعمال بڑھتا جارہا ہے جس سے انسان زومبی بن رہے ہیں۔
کسی بھی قسم کی منشیات کا استعمال خطرناک تو ہوتا ہی ہے لیکن بعض اوقات یہ جان لیوا بھی ثابت ہوتا ہے، اور ایسی ہی کچھ منشیات امریکا میں مقبول ہورہی ہیں جس کے اثرات انتہائی خوفناک ہیں۔ اسXylazine نامی منشیات کا استعمال امریکا میں بڑھتا جارہا ہے جس کو کئی اور نام دیے گئے ہیں جن میں ٹرانک (tranq)، ٹرانک ڈوپ اور زومبی ڈرگ شامل ہیں، بتایا جارہا ہے کہ اس ڈرگ کا استعمال لوگوں کی جلد کو گلا سڑا رہا ہے۔
اس کے علاوہ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی زیادتی سے انسان زومبی بن رہے ہیں یعنی ان کے دماغ مفلوج ہورہے ہیں اور وہ زومبی کی طرح حرکات و سکنات کرنے لگتے ہیں جو دیکھنے والوں کو خوف میں مبتلا کردیتے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس منشیات کے زیادہ استعمال سے ہر پانچ میں سے ایک شخص موت کے منہ میں جارہا ہے، ٹرانک سے جلد کے گلنے سمیت دل کی دھڑکن کا کم ہونا، بلڈپریشر کا گھٹنا اور دیگر مسئلے شامل ہیں۔
دراصلXylazine جانوروں کا ٹرانکوئلائزر (سکون کی دوا) ہے جسے لوگوں نے نشے کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ یہ منشیات امریکا کی سڑکوں میں چند ڈالرز میں باآسانی فروخت ہورہی ہیں۔