اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ سینیٹر ز دلاور خان، ذیشان خانزادہ اور نصیب اللہ بازئی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ پارلیمانی ومعاشی رابطوں کو فروغ دے کر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک میں تجارت،تعلیم،توانائی،صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین براہ راست فضائی رابطوں کا آغاز خوش آئند ہے اور اس سے سیاحت اور عوامی رابطوں کو مزید فروغ ملے گا۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان مذہب، اخوت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارتی حجم میں اضافے پر زور دیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔علاقائی اور عالمی فورمز پر آذربائیجان کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت قابل ستائش ہے۔ پاکستان سی پیک منصوبے کو وسطی ایشیائی راستوں تک وسعت دینا چاہتا ہے۔ سی پیک منصوبے کے ذریعے آذربائیجان سمیت وسطی ایشیائی ریاستیں تجارت کو فروغ دینے کے لیے گوادر پورٹ کو استعمال کر سکتی ہیں۔ آزری سفیر نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے اور پارلیمانی سفارت کاری دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں