اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ (ن )نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر از خود نوٹس لینے اور بنچ کے تشکیل پر سوالات اٹھاتے ہوئے نئے بنچ کی تشکیل اور سینئر ترین ججوں کو بنچ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے نوے روز کا انتظار بھی نہیں کیا ، جن ججز پر ہمارے تحفظات ہیں انہیں ہمارے کیسز کو خود سے الگ کرلینا چاہیے،نیا بنچ تشکیل دے کر آئین کے تحت فیصلہ دیا جائے ۔ مسلم لیگ (ن )کے رہنما عابد شیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر از خود نوٹس کی سماعت کےلئے نئے بنچ کی تشکیل کا مطالبہ کردیا ۔انہوںنے کہاکہ چیف جسٹس نیا بنچ بنائیں اور سینئر موسٹ ججز کو لائیں، جن ججز پر الزامات لگے انہیں بنچ میں شامل نہ کیا جائے، اگر بنچ تبدیل نہیں ہوتا تو اتحادیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔عابد شیرعلی نے صدر عارف علوی کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور کہاکہ صدر عارف علوی کو کس نے اختیار دیا کہ وہ الیکشن کی تاریخ دے ۔انہوںنے کہاکہ صدر عارف علوی عمران خان کی خوشنودی کے لیے آئین کو پامال کرسکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ آئین و قانون کو عمران خان کی خواہشات کے مطابق استعمال نہ کیا جائے عابد شیر علی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان جیل بھرو تحریک کے لیے اپنے بچوں کو لندن سے بلائے ۔ انہوںنے کہاکہ مردم شماری اور ووٹر لسٹوں میں عمران کے تینوں بچوں کا اندراج کروایا جائے۔