سرگودھا (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ءاللہ نے کہا ہے کہ الیکشن میں اگر فتنہ خان ہارے گا تو نتائج تسلیم نہیں کرےگا، الیکشن کے وقت پورے ملک میں نگراں حکومتیں ہونی چاہئیں، سیاسی عدم استحکام کے خاتمے تک مہنگائی ختم نہیں ہوگی۔جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا ءاللہ نے سرگودھا میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں ہارنے پر فتنہ خان دوبارہ ملک میں لانگ مارچ اور انارکی پھیلائے گا۔انہوںنے کہاکہ (ن )لیگ مریم نواز کی قیادت میں الیکشن مہم کا آغاز کرچکی ہے، الیکشن میں فتنے اور اس کی جماعت کو شکست دے کر پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔عام انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ الیکشن کے موقع پر پورے ملک میں نگراں حکومتیں ہونی چاہئیں، ملک پہلے ہی سیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار ہے، سیاسی عدم استحکام ختم ہونے تک مہنگائی ختم نہیں ہوگی۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ فتنہ خان کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک عدم استحکام کا شکار ہے، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک معاشی طور پر پیچھے جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ (ن )لیگ اور اس کی قیادت عوام میں جانے سے نہیں گھبراتی، مسلم لیگ (ن)مریم نواز کی قیادت میں الیکشن مہم کا آغاز کرچکی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے عوام مسلم لیگ (ن )سے محبت کرتے ہیں، الیکشن سے خوف ہے نہ پیچھے ہٹے ہیں، ہماری رائے ہے الیکشن اکٹھے اور وقت پر ہونے چاہئیں، رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی ضرورت صرف الیکشن نہیں ، پاکستان کی ضرورت صاف اور شفاف الیکشن ہے، الیکشن آئین میں درج طریقہ کار کے تحت ہونا چاہیے، الیکشن صاف اورشفاف ہوں، کوئی دھاندلی نہ ہو۔