اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان درمیان پارلیمانی تبادلے سیاسی سطح پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کےلئے بہت ضروری ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکی سینیٹ میں اکثریتی رہنما سینیٹر چک شومر کی قیادت میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹ کے چھ رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کے دیگر ارکان میں سینیٹر ماریا کینٹ ویل، ایمی کلوبوچر، گیری پیٹرز، کیتھرین کورٹیز مستو اور پیٹر ویلچ شامل تھے۔ سینیٹرز کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعاون کی اہمیت اور اس شراکت داری کو متنوع اور کثیر جہتی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تبادلے سیاسی سطح پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور امریکہ نے گزشتہ سال سفارتی تعلقات کے 75 سال پورے ہوئے , یہ سفارتی سنگ میل پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کے مستقبل کے لائحہ عمل کو ترتیب دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید مضبوط اور باہمی طور پر فائدہ مند دو طرفہ اقتصادی شراکت داری قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ متحرک پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔