کراچی (نمائندہ خصوصی )انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ آئی جی سندھ کی آمد پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور دیگر سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا جبکہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے خصوصی دستے نے سلامی دی۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم کے کمانڈوز سے ملاقات کی جنہوں نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردانہ حملے کے دوران دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے پران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور شاباش دی۔آئی جی سندھ نے ایس ایس یو کانفرنس ہال میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی جہاں انہیں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کے پی او میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، اہم تنصیبات کی مجموعی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ کراچی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے میچز کی سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا۔ڈی آئی جی فنانس طارق دھاریجو اور اے آئی جی آپریشن رضا حیدربھی اجلاس میں شریک تھے۔