اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بدستور تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لے افغانستان میںہونےوالے مذاکرات میں دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے ارشد شریف قتل معاملہ کینیا کے صدر کے ساتھ اٹھایا ہے ،کینیا صدر نے تحقیقات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہنگری کا دو روزہ دورہ حال ہی میں مکمل کیا ہے، دورے میں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط ہوئے، مفاہمت کی ایک یادداشت دونوں ملکوں کی فارن سروس اکیڈمیز کے باہمی تعاون کے بارے میں ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستان کے طلبہ کی تعداد میں سو فیصد اضافہ ہو گا۔ وزیر خارجہ نے ہنگری میں ہیڈ آف مشنز کی سالانہ کانفرنس سے خطاب بھی کیا جبکہ وزیر خارجہ نے جرمنی اور لیتھوانیا کے دورے بھی کیے، مینوخ کانفرنس کی سائڈ لائنز پر وزیر خارجہ نے اہم ملاقاتیں کیں، گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ محمدا ٓصف نے افغانستان کا دورہِ کیا،افغانستان میں پاکستان کے ناظم الامور گزشتہ روز کابل جانے والے وفد میں شامل تھے ،ناظم الامور بھی پاکستان وفد کے ساتھ واپس آگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کل ہونے والے مذاکرات سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تھے، دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا۔