اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر تخفیف غربت و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملکی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے،ملک میں انتشار پھیلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ،عمران خان ضدی اور لاڈلا ہے ،جیل بھرو تحریک کا شوق ہے تو پھر ضمانت نہ لیں ،یہ کونسا پلاسٹر ہے جو اتنے عرصہ سے نہیں اتر رہا ،زرداری نے بطور صدر اپنی تمام اختیارات پارلیمنٹ کے سپرد کردئیے ،صدر عارف علوی آئین کی پاسداری کریں،ان کو آرٹیکل 41 پڑھنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،شازیہ مری نے کہا کہ کل کابینہ اجلاس میں کفایت شعاری کے اقدامات کرنے پر فیصلہ کیا گیا ہے،سب سے پہلے یہ تجربہ خود پہ کیا جا رہا ہے،وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دی ہے جو کفایت شعاری تجاویز پر پلان بنائے گی،حکومت نے کفایت شعاری مہم کا پہلا قدم اٹھا لیا ہے ،کابینہ کے اخراجات میں کمی کی گئی ہے ،مہنگی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے،وزراءکی تنخواہوں اور مراعات میں کمی کے بھی فیصلے کئے گئے ہے،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں بھی اقدامات کئے گئے تھے،ان نکات کو بھی دیکھا جائیگا،انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراءکی تعداد 34 ہے ،ایسے لوگوں کی تعداد ہے جو بغیر تنخواہوں کے کام کررہے ہیں،کابینہ کی تعداد میں کمی کے حوالے سے تمام پارٹیوں سے بات کی جارہی ہے،شازیہ مری کا کہا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی یہی کوشش ہے کہ غریب طبقے پر بوجھ نہ پڑے ،معیشت میں سٹرکچرل ریفارمز ضروری ہیں ،کل کابینہ کے فیصلوں میں جو اقدامات کئے گئے ہیں اس سے 200 ارب روپے کی بچت ہوگی،آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ کرنے جارہے ہیں۔