کراچی(نمائندہ خصوصی) آزاد جموں کشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور رہے گی، اقوام متحدہ کو کشمیر کے مسئلے پر خود کو قراردادوں تک محدود نہیں کرنا چاہیے، اور ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں کو اپنے اوپر ہونے والے مظالم پر کشمیر کی عوام جیسی غیرت پیدا کرنی چاہیے، جبکہ او آئی سی اور دیگر مسلم ممالک کو کشمیر کی آزادی کی تحریک کی حمایت میں کھل کر سامنے آنا چاہیے. انہوں نے یہ بات کراچی پریس کلب کی جانب سے منعقدہ میٹ دی پریس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی. وزیر اعظم افراد تنویر الیاس نے کہا کہ عمران خان کی ایک طویل سیاسی جدوجہد ہے تحریک انصاف کا کسی سے شخصی اختلاف ہو سکتا ہے، مگر وہ ملک کے کسی ادارے اور فوج کے خلاف نہیں ہے اور اب پاکستان کوئی بھی آئينی بحران برداشت نہیں کر سکتا. انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی کوئی بھی گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی، عوام الناس کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی کو بھی منتخب کرسکتے ہیں اور صدر پاکستان اور تحریک انصاف کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،وزیراعظم نے کہا کہ ہم کو ڈالر سے باہر نکلنا ہوگا، ملکی معاشی حالات بتا رہے ہیں کہ اب یہاں ڈالر کے رہنے کا کوئی بھی جواز موجود نہیں ہے، کئی دوسرے ممالک ڈالر سے آزاد ہوچکے ہیں. انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے دہشتگردی کے واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں، جن سے مقابلہ کیا جا چکا ہے اور اب بھی ہم ان سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں. انہوں نے کہا کہ بھارت میں رہنے والے مسلمانوں میں کشمیر کے مسلمانوں جیسی غیرت پیدا نہیں ہورہی ہے جب کہ وہاں پر مسلمانوں پر بے پناہ تشدد اور ظلم ہورہا ہے, اقوام متحدہ کشمیر کے مسئلے پر صرف قرارداد پیش کرتا ہے، جب کہ او آئی سی اور دیگر مسلم ممالک کو کشمیر کے مسئلے پر بھرپور آواز اٹھانے کی ضرورت ہے. . سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صنعت اور کاروبار کے کئی مواقع اور زمین موجود ہیں جہاں پر جو بھی آکر سرمایہ لگائے گا اس کو ٹیکس میں چھوٹ سمیت ہر شعبے میں مدد کی جائے گی. سردار تنویر الیاس نے کراچی پریس کلب کی خدمات کو سراہتے ہوئے کراچی پریس کلب کے لیے 12 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا بھی اعلان کیا. اس سے پہلے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے وزیراعظم آزاد جموں سردار تنویر الیاس کا کراچی پریس کلب آنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل اور جدوجہد آزادی کا احساس ہے اور وہ بھی اس کی حمایت کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ملک کے دیگر مظلوم لوگوں کو بھی کلب میں آنے کی دعوت دی جاتی ہے اور ان کے جدوجہد کی مکمل حمایت کی جاتی ہے. اس موقع پر کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد ،جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان اور گورننگ باڈی کے اراکین شمس کیریو، ذوالفقار راجپر ،فاروق سمیع اور کلب کے دیگر ارکان کی جانب سے سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا، جب کہ سردار تنویر الیاس خان نے جموں کشمیر کی حکومت کی جانب سے کلب کے صدر اور سیکریٹری کو شیلڈ پیش کی۔