اسلام آباد/ لاہور (نمائندہ خصوصی )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی انسانی ہمدردی اور فلاحی تنظیموں کو ترکیہ میں امدادی سرگرمیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان سے جانے والی تمام امداد کو منظم کرنے کیلئے این ڈی ایم کے ذریعے بھیجا جائے،یقینی بنایا جائے کہ امدادی کاروائیاں منظم اور امدادی سامان معیاری ہو جبکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیرِ منصوبہ بندی کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی قائم کر دی گئی ،ذیلی کمیٹی ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کیلئے بھیجی جانے والی امداد کی معلومات کا حکومتی اداروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے تبادلہ کرےگی۔اتوار کو لاہور میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے زیر صدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی سرگرمیوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میںپاکستان میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں ایدھی، سیلانی اور الخدمت فاو¿نڈیشن کے نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کو این ڈی ایم اے کی طرف سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں اور امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ اجلاس میں وزیرِ اعظم کی ہدایات کے پیشِ نظر خیمہ ساز صنعتکاروں سے مشاورت کرکے فی خیمہ قیمت اور خیموں کی تیاری کیلئے درکار وقت کا تعین کر لیا گیا ،آئندہ ماہ کے آختتام تک حکومتِ پاکستان سردی سے بچاو کے ایک لاکھ خیمے تیار کرکے ترکیہ روانہ کرے گی،یہ خیمے ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ پریزیڈینسی AFAD سے موسمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے جا رہے ہیں۔اجلاس کو انسانی ہمدردی کے اداروں کے سربراہان فیصل ایدھی، سیلانی ٹرسٹ کے بانی مولانا بشیر فاروقی اور الخدمت فاو¿نڈیشن کے نائب صدر عبدالشکور نے ان اداروں کی طرف سے ترکیہ اور شام میں امدادی کاروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی انسانی ہمدردی کی تنظیموں کی طرف سے ترکیہ اور شام میں میڈیکل ٹیمیں بھیجی جا چکی ہیں،اسکے علاوہ خیمے، ادویات، اشیاءِ خورونوش، کمبل اور گرم کپڑے بھی بھیجے گئے ہیں، وزیر اعظم نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے حکومتی اداروں بالخصوصی این ڈی ایم اے کو انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی اور منظم طریقے سے زلزلہ زدگان کی ضروریات کے مطابق امداد بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرِ اعظم نے این ڈی ایم اے کو امدادی سامان کی سپلائی چین کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی ہدایت کی اور آئندہ ماہ کیلئے امدادی سامان اور امدادی کاروائیوں کا جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہاکہ ترکیہ اور شام میں امدادی سامان کی بہتر ترسیل و تقسیم این ڈی ایم اے کے ذریعے بھیجے جانے سے ہی ممکن ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستانی انسانی ہمدردی کی تنظیمیں ترکیہ اور شام میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے خیراتی اداروں نے ترکیہ اور شام میں امدادی سرگرمیوں سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان سے جانے والی تمام امداد کو منظم کرنے کیلئے اسے این ڈی ایم اے کے ذریعے بھیجا جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ترکیہ اور شام میں امدادی سامان کی بہتر ترسیل و تقسیم این ڈی ایم اے کے ذریعے بھیجے جانے سے ہی ممکن ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ترکیہ اور شام میں ان کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجا جائے۔ انہوںنے کہاکہ یقینی بنایا جائے کہ امدادی کاروائیاں منظم اور امدادی سامان معیاری ہو۔وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیرِ منصوبہ بندی کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی قائم کر دی گئی ،ذیلی کمیٹی ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کیلئے بھیجی جانے والی امداد کی معلومات کا حکومتی اداروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے تبادلہ کرے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ امدادی کاروائیوں کی رئیل ٹائم معلومات کے تبادلے سے ترک اور شامی بہن بھائیوں کی منظم طریقے سے مدد ممکن ہو سکے گی۔اجلاس میں انسانی ہمدردی کے اداروں کے سربراہان فیصل ایدھی، سیلانی ٹرسٹ کے بانی مولانا بشیر فاروقی اور الخدمت فاو¿نڈیشن کے نائب صدر عبدالشکور نے شرکت کی. اس کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی،ترکیہ اور شام میں پاکستان کے سفراء، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی