اسلام آباد( نیٹ نیوز )
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عارف علوی صدر پاکستان بنیں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں، صدر کے منصب کی عزت کا پاس کریں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کیلئے کوئی سرحدیں نہیں ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر میں کراچی سمیت تمام جگہوں پر گیا، پچھلے چار ماہ سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی زیادہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی سندھ اور پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان سے بہت بہتر ہے، سندھ حکومت نے سی ٹی ڈی بہتر بنانے میں بہت کام کیا ہے، دہشت گردی واقعات سندھ اور پنجاب میں کم ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخلاف رقم صرف پختونخوا کو دی جاتی ہے، کے پی کے میں کرائے کی بلڈنگ میں سی ٹی ڈی کے دفاتر ہیں۔
جیل بھرو تحریک سے متعلق رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ جیل بھرو تحریک کی حکمت عملی بنالی ہے، یہ تحریک دو ہفتے سے زیادہ نہیں چلے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ عارف علوی صدر پاکستان بنیں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں، صدر کے منصب کی عزت کا پاس کریں ، صدر کے آئینی منصب کو پارٹی ترجمان کے عہدہ میں بدلنا افسوسناک ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ صدر کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، وہ الیکشن کمیشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں، پہلے بھی عمران خان نے صدر، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور گورنر سے آئین شکنی کرائی اور سپریم کورٹ نے اس عمل کو آئین شکنی قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان صدر کے منصب کےذریعے الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔