کراچی( اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے ہرا دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی اور یوں اسے 6 رنز سے شکست ہوئی۔
ایونٹ میں کراچی کنگز کی یہ مسلسل تیسری ناکامی ہے۔کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔کوئٹہ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مارٹن گپٹل نے پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری جڑ دی، وہ آخری گیند پر 117 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔میچ کے 19 ویں اوور میں مارٹن گپٹل نے کراچی کنگز کے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی کیخلاف 30 رنز بنا ڈالے اور اسی دوران اپنی سنچری بھی مکمل کی۔ فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی کو گپٹل نے تین چھکے اور تین چوکے رسید کیے۔کیوی بیٹر نے 62 گیندوں پر سنچری مکمل کی جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔گپٹل کے علاوہ افتخار احمد 32 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔ کراچی کی جانب سے عماد وسیم اور عامر یامین نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور شرجیل خان کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد حیدر علی بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جیمز ونس 22 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، محمد حسنین نے میتھیو ویڈ اور عماد وسیم کو پویلین کی راہ دکھائی اور دونوں بالترتیب 15 اور 5 رنز بناسکے۔ شعیب ملک اور عرفان خان نے کوئٹہ کے بولرز کے خلاف مزاحمت کی اور 86 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم یہ جوڑی ٹیم کو ایونٹ کی پہلی فتح نہ دلا سکی۔
ملک کی 71 اور عرفان کی37 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں اور کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی، یوں اسے 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پی ایس ایل کے موجودہ ایڈیشن میں کراچی کنگز کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔
کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاندار بیٹنگ پر مارٹن گپٹل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔