راولپنڈی(نمائندہ خصوصی )ضلع شمالی وزیرستان کے قصبہ دتہ خیل کے جنرل علاقے میں یکم اور 2جون کی درمیانی رات فوجی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا جوان حامد علی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ پر ہمارے دستوں نے فوری جوابی کارروائی شروع کی اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا،تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی حامد علی (عمر 28 سال، ساکن سرگودھا) بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگیا۔
علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے،ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔