کراچی ( نمائندہ خصوصی ) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ محمد انیس خان نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈ کی جلد فراہمی کے اقدامات اور نادرا کی موبائل ٹیموں کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نادرا پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات کو دور کرنے کے اقدامات کرے، اور ایف آر سی اور نادرا سے جاری ہونے والی دیگر دستاویزات کا طریقہ کار مزید سہل بنایا جائے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں نادرا کے موبائل یونٹ بھیجے جائیں اور اورنگی ٹاﺅن کے نادرا دفتر کے اوقات بڑھاکر اسے ڈبل شفٹ میں چلایا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاﺅس کے سیل میں نادرا کے حوالے سے 1366 پر شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں، اس سیل میں آنے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ محمد انیس خان نے گورنر سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی ہدایات پر بھرپور طریقہ سے عمل کریں گے۔