لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردی۔ لاہور ہائیکورٹ میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سنگل بینچ کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی، انٹرا کورٹ اپیل میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے، اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل بینچ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، قانون کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ کا کہنا آئین اور الیکشن ایکٹ کے خلاف ہے، لہذا الیکشن کی تاریخ سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک سنگل بنچ کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔