کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی اور ملکی سیاسی عدم استحکام کا حقیقی ذمہ دار صرف اور صرف عمران نیازی ہے،کشمیر کے ایشو پر معاملات خراب سابق صدر مشرف کے دور میں شروع ہوئے، پیپلز پارٹی کا کشمیر کے حوالے سے موقف واضح ہے کہ کشمیر ہمارا اٹوٹ انگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آزاد کشمیر کے غازی ملت پریس کلب کے صدر راشد نذیر کی قیادت میں آزاد کشمیر کے صحافیوں کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں آزاد کشمیر کے سنئیر صحافیوں میں عابد صدیقی، رزاق خان، ریاض شاہد، ساجد محمود، چوہدری زاہد بشیر اور محمد عمران شامل تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال بالخصوص صوبہ سندھ اور کراچی کی سیاسی صورتحال، موجودہ بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر غازی ملت پریس کلب آزاد کشمیر کے صدر راشد نذیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جتنا کام آزاد کشمیر، راولہ کوٹ اور دیگر علاقوں میں ہوا وہ نہ اس قبل کبھی ہوا تھا اور اس کے بعد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور آزاد کشمیر کا رشتہ ایک مضبوط رشتہ ہے اور آج بھی آزاد کشمیر کے پرانے لوگ بھٹو کے شیدائی ہیں۔ راشد نذیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کو جامعات، اسپتالوں سمیت کئی تحفہ دئیے ہیں۔ اس موقع پر سعید غنی نے صحافیوں کے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر کے صحافیوں اور عام عوام کی پیپلزپارٹی سے محبت اس بات کی دلیل ہے کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر پر اپنا واضح موقف قائم رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ موجودہ مہنگائی اور ملکی سیاسی عدم استحکام کا حقیقی ذمہ دار صرف اور صرف عمران نیازی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت مہنگائی ایک حقیقت ہے اور آئندہ کچھ دنوں میں مہنگائی بھی بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دوسرا کوئی راستہ نہیں کہ ملک کو دیوالیہ سے بچانے کے لئے سخت فیصلے کئے جائیں۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کا جانا اس ملک کے لئے ضروری بن چکا تھا اور اگر وہ ابھی تک حکومت میں ہوتا تو یہ آئین کو بھی تہس نہس کرچکا ہوتا۔