اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءفواد چوہدری نے امریکا کے پاکستان میں تعینات سفیر سے ملاقات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف امریکا مخالف نہیں، برابری کے تعلقات چاہتی ہے ، امریکی سفیر کو انسانی وسائل کی بگڑتی صورتحال ،انسداد دہشت گردی، توہین مذہب قوانین کے غلط استعمال کے خدشات ،سیاسی صورتحال، مختلف امور پر پی ٹی آئی کے موقف سے آگاہ کیا گیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی فواد چوہدری نے بتایا کہ انہوں نے امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی ہے اور یہ ملاقات ایک گھنٹہ طویل رہی ہے ، ملاقات میں سفارتی عملے کے اہم ارکان بھی شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف امریکا مخالف نہیں، برابری کے تعلقات چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر سے پاکستان میں انسانی حقوق کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی ہے ۔بعد ازاں اپنے ایک ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ امریکی سفیر اور اعلی حکام سے مثبت ملاقات ہوئی،پاکستان میں انسانی وسائل کی بگڑی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کو انسداد دہشت گردی، توہین مذہب قوانین کے غلط استعمال کے خدشات ،سیاسی صورتحال، مختلف امور پر پی ٹی آئی کے موقف سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں برابری، لوگوں کی بھلائی پر مبنی تعلقات کی باہمی خواہش کا حصہ ہیں۔